31 مارچ 2013 - 19:30

کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ابنا: کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن میں ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کی کارروائیوں میں بھی ستائیس افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ کھارادر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔ناظم آباد نمبر دو کے علاقے میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سات مشتبہ افراد، پی آئی پی کالونی سے دو جبکہ شاہ فیصل کالونی اور ناتھا خان گوٹھ میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ تمام افراد کو نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ چند افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کر کے پندرہ افراد کو حراست میں لیا جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ حراست میں لئے گئے تمام افراد سے حالیہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سمیت دیگر وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔ اسی دوران لیاری میں پولیس اور ایلیٹ فورس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ایک درجن افراد کو حراست میں لے لیا جس کے بعد علاقہ مکینوں نے دریا آباد کے علاقے میں احتجاج کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ بھی کی۔ مبینہ ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کر کے پانچ روز قبل اغوا ہونے والی خاتون کو بازیاب کرا لیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/242